اتوار 22 دسمبر 2024 - 21:43
علامہ شبیر حسن میثمی کی جماعت اہل حرم کی جانب سے منعقدہ خاتون جنت کانفرنس میں شرکت اور خطاب

حوزہ/ سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے جماعت اہل حرم پاکستان کی جانب سے منعقدہ سالانہ خاتون جنت کانفرنس اسلام آباد میں قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی نمائندگی کرتے ہوئے خصوصی شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، اس موقع پر جماعت اہل حرم کے سربراہ مفتی گلزار نعیمی نے سیکرٹری جنرل کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر دیگر شیعہ سنی علماء و دیگر اہم ملی و قومی شخصیات بھی موجود تھیں۔

سیکرٹری جنرل نے اپنے خطاب میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت کو موجودہ دور کی مشکلات کے حل کے لیے مشعلِ راہ قرار دیتے ہوئے کہا: آپ سلام اللہ علیہا کی حیات امت مسلمہ کے لیے ہر دور میں رہنمائی کا ذریعہ ہے۔

انہوں نے نہ صرف مظلومینِ غزہ کی حالت زار پر روشنی ڈالی بلکہ پاراچنار کی موجودہ صورتحال کا بھی ذکر کیا اور ان واقعات کو امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے لمحۂ فکریہ قرار دیا اور کہا: یہ وقت جذباتی نعروں سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کرنے کا ہے۔

علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے پاراچنار کے حالات پر بات کرتے ہوئے وہاں کے مظلوم عوام کے لیے فوری عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا اور کہا: پاراچنار کی سرزمین اتحاد اور بھائی چارے کی علامت ہے اور وہاں کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جا سکتا۔ اسی طرح غزہ، لبنان اور شام کے مظلوم مسلمانوں پر صہیونی مظالم کا سلسلہ اس وقت ہی رک سکتا ہے جب پورا عالم اسلام مل کر اس خونخوار درندے کو لگام ڈالے گا۔

انہوں نے مزید کہا: تمام مکاتب فکر مل کر اس سلسلے میں آواز بلند کریں اور مجاہدین اسلام کی مدد و نصرت اور ظالموں کی نابودی کے لیے اجتماعی آواز بلند کرنے کا بھی اہتمام بھی کریں۔

کانفرنس کے شرکاء نے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کے خطاب کو موجودہ حالات میں امت مسلمہ کے لیے ایک واضح اور ٹھوس رہنمائی قرار دیا۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے فلسطین، پاراچنار اور دیگر مظلومین کے لیے دعا بھی کی۔

علامہ شبیر حسن میثمی کی جماعت اہل حرم کی جانب سے منعقدہ خاتون جنت کانفرنس میں شرکت اور خطاب

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .